
حضرت میر سید شاہ قاسم حقانی ؒ عرس مبارک تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر
سرینگر// بلند پایہ ولی کامل ، سالکین کے رہنما حضرت میر سید شاہ قاسم حقانی ؒ کا عرس شریف وادی بھر میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیااور اس کا اختتام آج صبح سویہ بگ بڈگام میں اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جہاں رات بھر عقیدت مندوں نے شب بیداری کی۔ عرس کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب اُن کے آستان عالیہ واقع نرپرستان فتح کدل میں منعقد ہوئی۔جس کی صدارت سجادہ نشین اور ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے کی۔ اس موقعے پر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت شاہ قاسم حقانیؒ کے تاریخ ساز ، اسلامی کارناموں ، سیرت ، روحانی اور علمی کمالات پر روشنی ڈالتے ہوۓ کہاکہ اولیاء کرام کی انتھک جدوجہد اور فیض سے ہی ریاست کا چپہ چپہ دین اسلام سے سرسبز وشاداب اور منور ہوا۔ وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے روح پرور مجالس میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔مولود مقدس کی پیشوائی مولانا عادل نورانی صاحب نے انجام دی جبکہ ختمات المعظمات کی پیشواٸی قاضی قمرالدین نے کی۔مولانا شوکت حسین کینگ قادری، غلام محمد ڈار ، نےقران و احادیث کی روشنی میں اولیاۓ عظام کے عظیم مراتب کا خاکہ پیش کیا۔ساتھ ہی حضرت شاہ قاسم حقانیؒ کے خلق خدا کی خدمات ، علمی اور روحانی کمالات کا بیان فرمایا۔مجلس میں غلام احمد قریشی سابقہ ڈاٸریکٹر جنرل پلاننگ،محمد اشرف عنایتی اور حاجی فاروق احمد گانی نے بھی شرکت کی۔سہہ روزہ تقریبات کا اہم اور دلچسپ پہلو خانقاہی روایت کے مطابق نرپرستان اور سویہ بگ میں عام لنگر کا اہتمام تھا۔ عرس کے پہلے روز تلاوت قرآن پاک، ختمات المعظمات تحلیلات کی مجلس بھی آراستہ ہوئی جبکہ نمازِ مغرب کے بعد مواعظ حسنہ کی مجلس منعقد ہوٸی جس میں مولانا نثار احمد عطاری نے قران و احایث مقدسہ ﷺ کی روشنی میں اولیاۓ عظام کے مراتب اور انکی دینی و سماجی خدمات کی وضاحت کی۔ادھر 11 مارچ کی شام کو سویہ بُگ بڈگام میں عرس کے سلسلے میں ایک اور روح پرور مجلس آراستہ ہوئی ، جس میں عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد بہ شمول جناب مسعود ہمدانی نے شرکت کی ۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے تمام متعلقہ محکموں اور محبان اولیائے کاملین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے جوق در جوق آکر ان بابرکت مجالس میں شرکت کی۔